|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی اور بی اے پی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سیدحسنین ہاشمی نے چین کے قونصل خانہ پر دہشتگرد حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کایہ حملہ ملکی سالمیت کے دشمنوں کا پاکستان کے بنیادی مفادات پر حملے کے مترادف ہے ۔

یہ بات انھوں نے بی اے پی کے سینئر رہنماوں ساجد جسکانی، فتح جما لی ارباب شائستہ گل،محب اللہ ترین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ خطے میںآنے والی تبدیلیوں افغان جنگ کے مضمرات سی پیک دشمنوں کے گھناونے اوراضطراب انگیز ردعمل کے ادراک میں کسی بھی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔

بھارت کے ٹکڑوں پر پرورش پانے والے ملک دشمن عناصر کایہ گھناؤنا عمل پاکستان کی ترقی کے عمل کو کمزور کرنے اور پاک چین دیرینہ دوستی اور اعتماد کے رشتے کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

اسوقت ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی مذہبی لیڈر شپ اور دانشور پاکستان کی بقاوسلامتی کے لیے ایک آواز ایک سوچ اور ایک جان ہوکر ملک دشمن عناصر کی سرکوبی اور انکو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سیکورٹی ایجنسیز کو مضبوط اور انکی حوصلہ افزائی کریں۔

آج پاکستان بھارت اور دیگر اسلام دشمن طاقتوں کی آنکھ کا کانٹا ہے جن کو پاکستان کی ترقی اسکی خوشحالی اور اسکا طاقتور ہونا ایک آنکھ نہیں بھاتااور یہ طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے تمام تر گھناؤنے حربے استعمال کررہی ہیں جنکوہم نے اپنے آپس کے باہمی اتحاد اتفاق اور مثبت عمل کے زریعے ایسے غلیظ اور مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہے ۔

ہم سب کے لیے سب سے پہلے پاکستان کی سالمیت مقدم ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب کی بقا پاکستان کی سالمیت اور مضبوطی سے مشروط ہے ہم سب کی سیاست اور سوچ کا محور صرف اور صرف پاکستان کی مظبوطی اسکی سالمیت اور خوشحالی ہونا چاہئے۔