|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2018

 کراچی: صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوارہے اور ملک کے دفاع کیلیے ہم ہر قدم اٹھائیں گے۔

کراچی میں صدرمملکت عارف علوی نے آئیڈیاز 2018 نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت نئے پاکستان کے حصول کی راہ پرگامزن ہے، ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں، آئین عام شہری کو ہرقسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔

صدر نے کہا کہ دہشتگردوں نے ہماری معیشت کوبہت نقصان پہنچایا، دہشتگردی کے خلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، ہمیں پاک فوج کےشہدا پر فخر ہے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام پرواقع ہے، پاک فوج دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ہمارے ہتھیاردفاع کے لیے ہیں اوراپنے ملک کے دفاع کیلیے ہم ہر قدم اٹھائیں گے جب کہ دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم ہے۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی گئی، بھارت طاقت کے زورپرکشمیرکے حقوق نہیں دباسکتا اور اسے مذاکرات کی میزپرآنا ہوگا، ہماری امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، خطے کے مسائل جنگ سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے، خطے کی ترقی علاقائی امن و امان سے وابستہ ہے، پاکستان علاقائی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے جب کہ مسائل کو دبانے کے بجائے انھیں حل کیا جائے۔