کوئٹہ: مستونگ اور چاغی سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔لیویز کے مطابق مستونگ کے علاقے درینگڑھ کے قریب کانک روڈ پر کلی سید عالم سے 25سالہ نوجوان کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیاگیا ہے۔
قتل کی وجہ معلوم ہوسکی اور نہ ہی مقتول کی شناخت ہوئی ہے ۔لیویز نے لاش ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی ہے۔ ادھر چاغی کے علاقے کلی امان اللہ میں ایک مسجد کے قریب سے ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جسے ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر کے مطابق لاش ایک روز پرانی اور60سے70سالہ ضعیف شخص کی ہے جس کی موت طبعی طور پر ہوئی ہے۔
متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ضعیف شخص کئی ماہ سے چاغی میں رہائش پذیر تھا اس سے قبل دو سال تک ژوب میں رہ رہا تھا ۔
ان کا حقیقی نام کسی کو معلوم نہیں تھا لوگ انہیں قاری صاحب کے نام سے پکارتے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق قار ی صاحب کا آبائی تعلق مانسہرہ سے تھا اور وہ بتاتے تھے کہ ان کے تمام رشتہ دار 8اکتوبر کے زلزلے میں وفات پاگئے تھے۔ چاغی انتظامیہ نے کسی رشتہ دار سے رابطہ نہ ہونے پر لاش کو امانتاًدفنادیا۔
مستونگ ، چاغی سے دو افراد کی لاشیں برآمد
وقتِ اشاعت : November 28 – 2018