|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2018

تربت : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمااورحلقہ PB47کیچ IIIمند،دشت اورگوکدان کے نامزدامیدوارمیجرجمیل احمددشتی نے کہاہے کہ بی این پی کے انتخابی مہم پرجانے والے پارٹی کارکنان پرقاتلانہ اوربزدلانہ حملہ ہمیں ہمارے عوام سے دورنہیں کرسکتے ہیں۔

انتخابی مہم میں ہرگاؤں اورقصبے سے سینکڑوں لوگ ہم سے اظہاریکجہتی کررہے ہیں اس سے بڑھ کرعوام کی جانب سے دی گئی حمایت اورکیاہوسکتاہے ،ہماری کامیاب مہم اورعوام کی پارلیمانی سیاست پراعتمادکی بحالی نے عوامی نمائندگی کوچھیننے والوں کوحواس باختہ کردیاہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بل نگورکے مختلف علاقوں میں الیکشن مہم کے سلسلے میں لوگوں سے ملاقات اورکارنرمیٹنگزمیں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزیدکہاکہ جس علاقے میں ہمارے کارکنان پرحملہ کیاگیاتھاآج میں خودانہی علاقوں میں کارکنان کے ساتھ اپنے عوام میں موجودہوں جن لوگوں کی یہ سوچ تھی کہ وہ ہمارے تعلق کو عوام سے توڑ دیں گے تویہ ان کی خام خیالی ہے ، بزورقوت عوامی مینڈیٹ اورعوامی حمایت کاحصول دیوانے کاخواب اورپاگل پن ہے۔

بندوق کے نوک پرووٹ لیکراپنے دلارے امیدواروں کوبیلٹ باکس بھرکردینے والے اس دفعہ ہمیشہ کے لئے مایوسیاں سمیٹیں گے ، انہوں نے کہاکہ آج ان کے دلارے سردشت سے آگے جانے کی ہمت نہیں کرتے کیوں کہ انہیں عوام کی جانب سے شدیدمخالفت کاسامناکرناپڑے گا،عوامی غیض وغضب کایہ عالم ہے کہ بی این پی سے خائف قوتیں دھونس دھمکی کوبطورحربہ وہتھیار استعمال کررہی ہیں جسے کسی طوربرداشت نہیں کیاجائیگا۔

عوامی مینڈیٹ پرڈاکہ زنی کرنے والے آکردیکھ لیں عوام کی حمایت کسے کہتے ہیں،بی این پی کے اصولی موقف کی بدولت آج عوام ہم جان چھڑک رہے ہیں،عوام سے رشتہ نہ ٹوٹاہے اورنہ 6دسمبرکے بعدٹوٹے گا۔

انہوں نے کہاکہ 6دسمبرکوبی این پی کے ایم این ایزاورایم پی ایز ان تمام رگنگ والے پولنگ اسٹیش پرموجودہوں گے اورکوئی یہ تصورتک نہ کرے کہ وہ دھاندلی کے ذریعے اپنے دلاروں کوکامیاب کرائے گی۔

انہوں نے کہاکہ نہ صرف حلقہ PB47کیچ IIIمند،دشت اورگوکدان کی نشست کودوبارہ حاصل کریں گے بلکہ حلقہ PB45اورحلقہ PB48کی نشستوں کوبھی پھرسے عوامی قوت سے دوبارہ حاصل کریں گے ۔