کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی47 پر ضمنی انتخاب آج جمعرات کو ہوں گے۔ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے کر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر نیازاحمد بلوچ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 47کیچ میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 56ہزار772ہیجن کیلئے 60پولنگ اسٹیشن اور162پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔
تمام پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قراردئیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں کل بارہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رشید رند،بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل )کے جمیل دشتی اور نیشنل پارٹی کے فدا دشتی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
25جولائی کے عام انتخابات میں اس نشست پربلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالرؤف رند کامیاب ہوئے تھے۔ سپریم کورٹ نے دوہری شہریت پر ان کے انتخاب کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل بھی انتخابات کے موقع پر کیچ میں موجود ہیں انہوں نے اپنے امیدوار کے حق میں چلائی جانیوالی مہم میں بھی حصہ لیا۔