|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2018

 کراچی: بدعنوانی ثابت ہونے پر نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کے سابق چیئرمین ایاز نیازی سمیت 6 ملزمان کو 7 سال قید اور نااہلی کی سزا سنادی گئی۔

کراچی کی احتساب عدالت نے این آئی سی ایل اسکینڈل کیس کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت 6 ملزمان کو کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر 7، 7سال قید کی سزا سنادی۔

احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل بھی قرار دے دیا۔ نیب کے مطابق ملزمان پر کورنگی میں مہنگے داموں زمین خریدنے اور قومی خزانے کو 490 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔ اس ریفرنس میں دو ملزمان نیب سے پلی بارگین بھی کرچکے ہیں۔


واضح رہے کہ رواں سال مئی میں چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر ایاز خان نیازی کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مخدوم امین فہیم، این آئی سی ایل کے سابق سربراہ ایاز خان نیازی، سلمان غنی اور قاسم دادا بھائی سمیت 11 افراد پر زمینوں کی خرید و فروخت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔