کوئٹہ: بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی محمداسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ ملک میں عدم استحکام کیلئے کچھ عناصر منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وزیراعظم عمران خان کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اس لئے انہیں اور پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے تاکہ ملک اور قوم کے دیرینہ مسائل حل ہوسکیں، وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اورمسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھارہے ہیں۔
گوادر سمیت مکران ڈویژن میں توانائی کے مسئلے کے حل کیلئے 300میگاواٹ کا پاور پلانٹ اور 48میگاواٹ کا ونڈ پلانٹ کا منصوبہ بنایاجارہا ہے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔
محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وزیراعظم عمران خان کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اس لئے انہیں اور پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے تاکہ ملک اور قوم کے دیرینہ مسائل حل ہوسکیں عمران خان بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ۔
اس لئے وہ سنجیدگی کے ساتھ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں اور میں پی ٹی آئی کی حکومت کی قانون سازی اور ملک و قوم کے بہتر مفاد کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں مکمل حمایت کررہا ہوں اور میرا تعاون انکے ساتھ ہے تاہم میں پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت میں شامل نہیں ہورہا اگر مستقبل قریب میں کسی بھی جماعت میں شامل ہوا تو اپنے حلقے کے عوام کی مشاو رت سے شامل ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سے بلوچستان کا مستقبل وابستہ ہے جہاں پر صنعتیں قائم ہونی چاہئے تاکہ ترقی اور روزگار کے دروازے کھلیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر اور مکران ڈویژن میں بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے ساتھ کوششیں کی جارہی ہیں ۔
اس سلسلے میں 300میگاواٹ کا پاو ر پلانٹ اور 48میگاواٹ کا ونڈ پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اس کیلئے صوبائی حکومت اور کمانڈر سدرن کمانڈ مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ اسوقت مکران ڈویژن کو ایران سے بجلی فراہم کی جارہی ہے موجودہ سسٹم میں 98میگاواٹ سے زیادہ بجلی مہیا کرنے کی استعداد نہیں ہے ۔
ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، اسلم بھوتانی
وقتِ اشاعت : December 9 – 2018