|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2018

 لاہور: پنجاب حکومت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کے لیے خط لکھ دیا۔

پنجاب حکومت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کیلئے وفاق سے رابطہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سیکرٹری داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے انہیں دس دسمبر کو اسلام آباد لایا جائے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہنے تک اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا ہے۔