|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2018

بھوبینشیور: ہاکی ورلڈ کپ میں بیلجیم نے پاکستان کوصفر کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کر کے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

فاتح ٹیم کی طرف سے الیگزینڈر ہینڈرک، تھامس بریلز، کیڈرک چارلیئر، ڈوکیئر اور ٹام بون نے ایک، ایک گول کیا جب کہ میچ کے دوران گرین شرٹس کو گولز کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فاروڈز گیند کو جال کے اندر پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پہلے راؤنڈ کے کسی بھی میچ میں فتح حاصل نہ کرنے کے باوجود دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے والی پاکستانی ٹیم کی قسمت اس بار کام نہ کر سکی، بیلجیم نے یکطرفہ مقابلے میں گرین شرٹس کو5-0 سے ہرا کر ہاکی ورلڈ کپ میں میڈلز کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

بھارتی شہر بھوبینشیور کے کالنگا اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں کھیل کے ابتدائی9منٹ میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تاہم اگلے ہی منٹ میں بیلجیم کی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی جس کا بھر پور فائدہ الیگزینڈر ہینڈرک نے اٹھایا اور گیند کو جال کے اندر پھینک کر بیلیجیم کو ایک گول کی برتری دلا دی، 13ویں منٹ میں کپتان تھامس بریلز نے فیلڈ گول کے ذریعے اپنی ٹیم کی سبقت دوگنا کر دی۔

27ویں منٹ میں کیڈرک چارلیئر نے بیلجیم کی طرف سے تیسرا گول کر کے پاکستانی ٹیم کے لئے مشکلات بڑھا دیں۔تیسرے کوارٹر میں بیلجیم نے مزید ایک گول کر کے پاکستانی ٹیم کے میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کر دیئے، یہ گول کھیل کے 35ویں منٹ میں ڈوکیئر نے کیا۔53ویں منٹ میں ٹام بون نے بیلجیم کی طرف سے پانچواں گول کیا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان کے ارشد توثیق اور عمر بھٹہ کو گرین کارڈز بھی دکھائے گئے۔

ایونٹ کے پہلے مرحلے میں پاکستانی ٹیم کو جرمنی نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے زیر کیا، ملائشیا کے خلاف مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا جبکہ ہالینڈ نے ایک کے مقابلے میں5گول سے شکست دی تھی۔