کوئٹہ: صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہوراحمد بلیدی نے گزشتہ روز ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبائی اخبارات و جرائد کے مدیران و مالکان اوراخبار فروشوں کو درپیش مسائل سے متعلق مطالبات کے حل کی بھر پور یقین دہانی کرائی جس پر ایکشن کمیٹی اخباری صنعت نے اپنا احتجاج اور کیمپ ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے احتجاجی کیمپ میں موجود اخبارات و جرائد کے مدیران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی صحافت اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود، تحفظ اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے حوالے سے ہرممکن تعاون اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومتی اقدامات سے باخبر رکھنے میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے ۔ حکومت صحافت کے شعبہ کو مضبوط و مستحکم بنانے کیساتھ ساتھ مقامی اخبارات کو سپورٹ کرنے کے علاوہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن مدد فراہم کریگی ۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت بجا طور پر اخباری مالکان سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ اپنے اخبارات کے معیارکو بہتر بنانے کیلئے کوشش کریں گے کیونکہ ایسے کئی مقامی اخبارات ہیں جن کا معیار اچھا ہے اور ان اخباروں کو حکومت سرپرستی اور سپورٹ کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہے ۔
صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ اخبار مالکان اپنے اخبارات کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں اور یہ کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی اور تعاون ہمیشہ مقامی پریس کے ساتھ ہوگا تاکہ مقامی اخبارات کا معیار نیشنل اخبارات کی سطح پر آجائے۔
صوبائی وزیر نے و اشگاف الفاظ میں کہا کہ موجودہ حکومت بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے زیر و ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مثبت صحافت کے فروغ اور اس شعبہ کو وسعت دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ اوراخبار فروشاں ویلفیئر فنڈ کے لئے ایک جامع میکنزم وضع کیا جارہا ہے جس سے مقامی صحافیوں اور اخبار فروشوں کو بھر پور فائدہ ملے گا۔
صوبائی وزیر خوراک میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ مقامی اخبارات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی آپ کے مسائل ہمارے ہی مسائل ہیں جائز مطالبات کو حکومتی سطح پر حل کیا جائے گا۔
اس موقع پر احتجاج پر بیٹھے اخبارات و جرائد کے مدیران و مالکان اور اخبار فروشوں نے صوبائی وزراء کی جانب سے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔
حکومت آزادی صحافت اور فروغ کیلئے کوشاں ہے، ظہور بلیدی
وقتِ اشاعت : December 16 – 2018