پشاور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ قبل از وقت عام انتخابات کرانے میں کوئی قباحت نہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں، ہمیں لٹا پٹا خزانہ ملا ہے، انگریز جو ٹریک چھوڑ کر گیا ہے اس میں بھی کمی آئی ہے، ریلوے ٹریک کا ڈھانچہ تبدیل کررہے ہیں اس سلسلے میں پشاور سے کراچی تک نئے ٹریک کا معاہدہ مارچ سے پہلے کریں گے،رحمان بابا ایکسپریس کا کرایہ سب سے کم ہوگا اور ٹرین کم وقت میں کراچی پہنچے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں پاکستان کا سب سے باخبر سیاستدان ہوں، ملک میں مزید مہنگائی ہو سکتی ہے، قبل از وقت عام انتخابات کرانے میں کوئی قباحت نہیں۔ یہاں صرف غریب کو سزا ملتی ہے، بڑے لوگ گرفتار بھی ہوئے تو اسپتالوں میں چلے جائیں گے، ملک لوٹنے والے پاکستان میں معزز کیوں کہلائیں؟ کس قانون کے تحت ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر ہوتے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ سب سے بڑے چور شہباز شریف کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھادیا ہے، انہوں نے اپنی گوٹی فٹ کرلی ہے، نواز شریف کے لیے 24 تاریخ اہم ہے، نوازشریف کو شہباز شریف اورچوہدری نثارکی بات اب سمجھ آرہی ہے، آصف زرداری کے گرفتاری پر 2 سے 3 ہفتے ٹریلر چلے گا اور ہلکی پھلکی موسیقی ہوگی لیکن پکا راگ کسی کے پاس نہیں۔