|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2018

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیرعلی جہانگیر صدیقی وزارت خارجہ کی ہدایات کی روشنی میں عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں، علی جہانگیر صدیقی کی جگہ اسد مجید کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے جو جاپان میں بطور سفیر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ییں، اسد مجید جنوری کے پہلے ہفتے میں امریکا روانہ ہو جائیں گے، اس وقت تک رضوان شیخ پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور رہیں گے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 مارچ 2018 کو اپنے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا تھا۔

تحریک انصاف کی حکومت کے احکامات کی روشنی میں وزارت خارجہ نے بیرون ملک سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کو 7 دسمبر تک عہدے چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ جس پر کئی ملکوں میں مقرر کئی سفرا نے چارج چھوڑ دیا تھا تاہم امریکا میں تعینات سفیر علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا تھا، جسے وزارت خارجہ نے منظور کرلیا تھا۔