|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2018

کوئٹہ : صوبائی وزیر اطلا عا ت و ہا ئیر ایجو کیشن ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ سی پیک کا محور بلوچستان ہے لہٰذا اس کا زیادہ فائدہ بھی بلوچستان کو ملنا چاہیے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں بلوچستان کو مرکزی جبکہ اس کے ساحلی علاقے اور گوادر بندرگاہ کو کلیدی حیثیت حاصل ہیلیکن گزشتہ صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے اور عدم دلچسپی کے باعث سی پیک میں بلوچستان کو اس کا جائز حق نہیں ملا اور اس کی غیر منصفانہ تقسیم سے صوبہ بھر کے عوام ناخوش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز منعقد ہونے والے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کے لئے بہت اہم ہے ۔

لیکن بدقسمتی سے گزشتہ دور حکومت میں سی پیک منصوبے میں مغربی روٹ انڈسٹریل زونز کے قیام اور دیگر امور میں بلوچستان کے مفادات کا تحفظ نہیں کیا گیا اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے کا بلوچستان سے بنیادی تعلق ہونے کے باوجود صوبے کو مکمل نظر انداز کیا گیا جو کہ صوبے کے عوام کے احساس محرومی کا باعث بنا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کی شاہراؤں کو کچھ نہیں ملا اور انہیں بری طرح سے نظر انداز کیا گیا لیکن منصوبے کی جوائن کوآرڈینیشن کمیٹی کے چین میں منعقد ہونے والے حالیہ اجلاس میں اس حوالے سے بلوچستان حکومت کی جانب سے ٹھوس موقف اپناتے ہوئے کئی ۔

نئے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرانے کی تجاویز دی گئی ہیں جس میں جس میں کامیابی پورے صوبے کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہو گی اور مذکورہ ترقیاتی منصوبوں سے صوبے کے مجموعی حالات اور معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت کی جانب سے بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جو بھی منصوبے بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور ان کے احساس محرومیوں کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں انہیں سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ ہمارا صوبہ جن مشکلات و مصائب کا آج شکار ہے ان میں سب سے اہم کردار گذشتہ حکومتوں کا ہے جنہوں نے اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدوں کا بھرم نہ رکھا اور ان کی توقعات پر پورا نہیں اترے بلکہ محض روایتی نعروں کے ذریعہ عوام کا دل بہلاتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں عوام کی حقیقی خدمت اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور جلد ہی عوام کے سامنے اقدامات کے ساتھ سامنے آئیں گے۔