|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2018

کوئٹہ: غیرسرکاری تنظیم الحمدسوشل ویلفیئرٹرسٹ فاؤنڈیشن نے انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خاران میں ڈھائی ہزارلوگ کینسرسمیت دیگر مہلک امراض میں مبتلا ہیں ،حکومت رخشاں ڈویڑن میں کینسرہسپتال کاقیام عمل میں لائے۔

گزشتہ روزکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الحمدٹرسٹ خاران کے چیئرمین طفیل بلوچ، نصرت مینگل،میررحیم بخش عابد،ڈاکٹرعبدالباسط ہوتکانی،لیاقت علی سنجرانی کامزیدکہناتھا کہ گزشتہ 1سال کے دوران الحمدفاؤنڈیشن نے خاران میں دل،گردے اورکینسر سے متاثرہ غریب اور بے سہارا مریضوں کے علاج کیلئے مالی مددفراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں طبی سہولیات کافقدان ہونے کی وجہ سے موذی امراض میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران ہمارے ادارے نے اپنی مددآپ کے تحت 18کینسر،12دل اورگردے کے مرض میں مبتلا15مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے مالی معاونت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے متعددمریض امدادکے منتظرہیں حکومت ان کی مالی معاونت کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ خاران میں کینسراوردیگر موذی بیماریوں میں مبتلا افراد کی تعدادمیں ہونے والے اضافے کے پیش نظروفاقی اورصوبائی حکومت رخشاں ڈویڑن میں کینسرہسپتال کاقیام عمل میں لائے۔