|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2018

تربت:  نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی قومی اور اجتماعی تعمیر و ترقی کا ایک واضح وژن رکھتی ہے، جب جب ہمارے عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرکے ہمیں اقتدار تک پہنچایا ہے تو قومی اور اجتماعی تعمیر و ترقی کا ایجنڈا ہی ہمارا مطمع نظر رہا ہے۔

90ء کی دہائی میں عمومی ایجوکیشن خاص طور پر فیمیل ایجوکیشن کی ترقی و ترویج کے لیے جو بنیادی اور انقلابی اقدام اٹھائے اس وقت کی اپوزیشن کے اعتراضات کے باوجود آج ماضی کے اُن اقدامات کا نتیجہ فیمیل ایجوکیشن کی زبردست ہمہ گیریت اور وسعت کی شکل میں شاندار اور قابل فخر صورتحال لیے ہمارے سامنے واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ پندرہ سال تک مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود کسی بھی اسکول میں ایک اضافی کلاس روم تعمیر نہ کرنے والے تین سال کی قلیل مدت کے اندر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کی تعمیر پر جو اعتراضات اٹھارہے تھے ان کو منہ کی کھانی پڑرہی ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یونیورسٹی، میڈیکل کالج، ایلمنٹری کالج، ڈیٹ فیکٹری، گرلز کالج میں فیمیل ہاسٹل کی تعمیر سمیت گرلز کالج اور بوائز کالج میں اٹھائے گئے دیگر تعمیراتی اقدامات، طلبا ء و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت میسر کرنے کیلئے فراہم کردہ 2 درجن کے قریب بسیں، درجنوں اسکولز کی اپ گریڈیشن، بیشتر ہائی اسکولز سمیت دیگر اسکولز میں اٹھائے گئے ۔

تعمیراتی اقدامات، ہزاروں ایل ایچ ویز اور بلوچستان پیکیج کے ہزاروں عارضی اساتذہ کی مستقلی اور این ٹی ایس کے ذریعے نئے اساتذہ کی تقرری اور تربت شہر کے انفراسٹرکچر میں غیر معمولی تبدیلی ایسے بنیادی اور غیر معمولی فیصلے اور اقدامات ہیں کہ جن کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور مستقبل میں ان اقدامات کے اثرات ہمارے علاقہ اور معاشرہ پر انتہائی مثبت نقوش چھوڑیں گے ۔

جس طرح 90ء کی دہائی میں ہماری جماعت کی طرف سے فیمیل ایجوکیشن کی ترقی و ترویج کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج آج ہمارے سامنے انتہائی شاندار ہیں، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کی طاقت پر ایمان رکھتی ہے، نہ ماضی میں چور دروازوں کے کھلنے کے منتظر رہے اور نہ آج ان کے آسرے پر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام تربت کے مضافاتی علاقہ کلاتک میں نیشنل پارٹی تحصیل کلاتک کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں نیشنل پارٹی تحصیل کلاتک کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

رکن مرکزی کمیٹی ناظم الدین ایڈوکیٹ، ضلعی صدر محمد جان دشتی، ضلعی جنرل سیکریٹری چیئرمین حلیم بلوچ، تحصیل کلاتک کے جنرل سیکریٹری حلیم بلوچ، علاقائی رہنماء پرویز گچکی، مسلم بلوچ، لالہ رسول بخش اور دیگر ساتھیوں نے بھی اظہار خیال کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ جماعت کی تنظیم کاری پر توجہ مبذول کرتے ہوئے نچلی سطح پر تنظیم کو منظم و متحرک بناکر تنظیمی اداروں کو تقویت بخشیں اور عوام کے ساتھ قربت اختیار کرکے اپنے روابط کو مستحکم کریں۔