|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2019

کوئٹہ: ڈاکٹرزایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کاکہناہے کہ ڈاکٹرابراہیم خلیل کے اغواء سے پوری کمیونٹی ذہنی کوفت سے دوچارہے،یہاں جنگل کاقانون ہے،اغواء برائے تاوان یاکوئی کاروباری معاملہ یہ حکومت کی ناکامی کاثبوت ہے ہمیں مل کر ایسے واقعات کیخلاف آوازبلندکرناہوگا تاکہ اپنی آئندہ آنیوالی نسلوں کوتحفظ فراہم کرسکیں۔

یہ بات ڈاکٹرزایکشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹرظاہرخان نے کوئٹہ پریس کلب کے صدررضاالرحمان سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈاکٹرزیکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رحیم خان بابر،پروفیسرغلام رسول ،ڈاکٹرصمدگچکی،ڈاکٹرفریداحمدسمالانی،جمال شاہ ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹرظاہرخان نے کہا کہ بلوچستان سے مجموعی طورپر38ڈاکٹراغواء کئے گئے جن میں سے 18ڈاکٹروں کوقتل کیا گیا ،حالات کی پیش نظر بلوچستان سے 94ڈاکٹردیگرصوبوں میں منتقل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں ڈاکٹروں کیساتھ پیش آنے والے واقعات کیخلاف ہسپتالوں میں مکمل بائیکاٹ کیاگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کاسامان کرنا پڑا،تاہم اس مرتبہ صرف او پی ڈی کابائیکاٹ کیاہے جبکہ شعبہ ایمرجنسی بحال ہے اور وارڈزمیں بھی ڈاکٹروں کوبٹھایا ہے تاکہ وہ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کریں۔

اس موقع پرکوئٹہ پریس کلب کے صدررضاالرحمن نے ڈاکٹروں کوہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کافی مختلف ہے،ہم عوام کے بہترمفادمیں چیزوں کارپورٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہووزیراعلیٰ سمیت بلوچستان کے صحافیوں ینے ہر پلیٹ فارم پر مسائل کے حل کی بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ٹویٹرپرچلتے ہیں اوروزیراعلیٰ ہاؤس سے باہرنکلتے ہی نہیں ہیں کہ انہیں عوامی مسائل کااداراک ہے،کوئٹہ ہم سب کاگھرہے مل کر معاملات حل کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پرڈاکٹرزایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کاکہناتھا کہ یہ حالات ہم سب پر برے وقت آنے کی نشاندہی کررہے ہیں مگرحکومت تاحال اس پرقابو نہیں کرپارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہی واحد ذریعہ ہے جو پورے معاشرے کے مسائل اور ان کی آواز کو مدلل اوربہتراندازمیں عدلیہ اور متعلقہ حکام تک پہنچاسکتی ہے کہ لوگ کن مشکلات سے دوچارہیں،یہ صرف ایک مخصوص طبقے کامسئلہ نہیں بلکہ بلوچستان میں صحافی،وکلاء اوردیگرلوگ بھی مشکلات سے دوچار ہیں،اورہم سوچ سمجھ کر افہام وتفہیم کیساتھ معاملات کوآگے بڑھا رہے ہیں تاکہ لوگوں کومشکلات کاسامنا کرنا نہ پڑے۔