اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک بار پھر 5 ہزار روپے ماہانہ سے زائد فیس والے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کا حکم دیدیا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نجی اسکولوں کی فیسوں کے اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر، سمیت سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فیس میں کمی کا فیصلہ تمام نجی اسکولز کے لئے ہے، جو اسکول اس فیصلے پر عمل نہیں کر رہے وہ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ایک نجی اسکول کی جانب سے عدالتی فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا گیا جس پر عدالت نے اسکول انتظامیہ کو طلب کرلیا اور آئی جی اسلام آباد کو اسکول انتظامیہ کو فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک بار پھر 5 ہزار روپے ماہانہ سے زائد فیس والے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کا حکم دیا۔