اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نئی گج ڈیم تعمیر کیس میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر توانائی عمر ایوب خان اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو طلب کرلیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم پر کمیٹی میٹنگ ہو چکی، کمیٹی نے اپنی سفارشات ایکنک کو بھجوا دی ہیں، سیکریٹری خزانہ کو ایکنک اجلاس جلد طلب کرنے کا بھی کہا ہے، کوشش کریں گے کہ 17 جنوری سے پہلے ایکنک کی میٹنگ ہو جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈیم سے متعلق بہت سی چیزیں فائنل ہو چکی، یہ معاملہ تو پھر ایکنک میں پھنس جائے گا، میری خواہش تھی کہ یہ معاملہ میری موجودگی میں ہوجاتا، بہت ساری خواہشات صرف خواہشات ہی رہ جاتی ہیں۔ حکومت نئی گج ڈیم تعمیر سے متعلق مکمل شیڈول فراہم کرے اور تاریخ بتائے کب تک یہ ساراعمل مکمل ہو گا۔ سپریم کورٹ نے وزیر بجلی عمر ایوب، وزیر خزانہ اسد عمر اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو منگل کے روز طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔