کراچی: سول اسپتال میں 300 آسامیوں کیلئے 10 ہزار امیدوار پہنچ گئے جب کہ بد انتظامی کے باعث پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
کراچی کے سول اسپتال میں 300 آسامیوں کے لیے 10 ہزار کے قریب امیدوار پہنچ گئے، امیدواروں میں خواتین بھی شامل ہیں جب کہ پولیس کو گیٹ کے سامنے سے رش ختم کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
ایم ایس سول اسپتال کا کہنا ہے کہ انٹرویو کے لیے آنے والے تمام امیدوار ہمارے بچے ہیں، بے روزگاری کے عالم میں جذباتی پن موجود ہے تاہم ہم نے پھر بھی حالات کو سنبھالا ہے، تھوڑی سی بدمزگی ہوئی ہے لوگوں کا رش زیادہ تھا جس کی وجہ سے ہمارے انتظامات درہم برہم ہوئے تاہم رات گئے تک لوگوں کے انٹرویو کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ایم ایس سول اسپتال نے کہا کہ 6 سے 15 گریڈ پر آن لائن فارم جمع کرائے جارہے ہیں، انٹرویو جاری ہے 1 سے 5 گریڈ تک کا ڈائریکٹ انٹرویو ہے، جن کی رجسٹریشن ہوئی ہے وہ انٹرویوکمیٹی کے سامنے پیش ہورہے ہیں، 4 ہزار افراد کی رجسٹریشن کرچکے ہیں، لگتا ہے کہ دس ہزار سے زائد لوگ یہاں پہنچے ہیں تاہم پولیس اور رینجرز نے صورتحال پر قابو پالیا ہے۔