|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2019

کوئٹہ :  ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمعہ خان بادیزئی، سنئیر نائب صدر صلاح الدین خلجی اور نائب صدر یسین رئیسانی و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر انڈسٹریل زون میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کو فوری طور پر منسوخ کر کے اس کی الاٹمنٹ حقیقی صنعتکاروں کو کی جائے بلکہ تحقیقات میں بھی تیزی لائی جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداران اور ممبران کی جانب سے سی پیک میں نظرانداز کئے جانے سے متعلق مختلف فورمز پر صدائے حق بلند کی جاتی رہی ہے اور اعلی حکام کو اپنے خدشات و تحفظات سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے بلکہ انہیں اپنی تجاویز اور آرا بھی باہم پہنچاتے رہے ہیں ۔

مگر اس کے باوجود بھی صوبے کے حقیقی صنعتکاروں اور تجارت سے وابستہ افراد کی تجاویز اور آرا کو اولیت دی جا رہی ہے نا ہی ان کو ان کا حق دیا جا رہا ہے جس کا واضح ثبوت گوادر انڈسٹریل زون میں صوبے سے تعلق رکھنے والے حقیقی صنعتکاروں اور تاجروں کو نظر انداز کر کے غیر متعلقہ افراد کو اراضی کی الاٹمنٹ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر انڈسٹریل زون میں ان لوگوں کے نام الاٹمنٹ کی گئی جن کا صنعت و تجارت سے دور کا بھی واستہ نہیں، ہم پلاٹوں کی منظور نظر افراد کو الاٹمنٹ بندر بانٹ سمجھتے ہیں بلکہ مطالبہ کرتے ہیں کہ گوادر انڈسٹریل زون میں پلاٹوں کی غیر متعلقہ افراد کو الاٹمنٹ منسوخ کر کے حقیقی صنعتکاروں کو اس کی الاٹمنٹ کی جائیں تاکہ صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ان کا جائز حق مل سکیں