پنجکور: لسبیلہ بس حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 24افراد کی اجتماعی تدفین آہوں اور سسکیوں کے ساتھ پنجگور میں کردی گئیں۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ کے علاقے بیلہ کراس کے مقام پر دو روز قبل مسافر بس اور ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں ستائیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں چوبیس افراد کی میتیں قافلے کی صورت میں صوبائیو زیر سماجہ بہبود اسد اللہ بلوچ کی سربراہی میں آبائی علاقے پنجگور پہنچائی گئیں۔
بدھ کی صبح تبلیغی مرکز کے اجتماع گاہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود میر اسد اللہ بلوچ، ڈپٹی کمشنر پنجگو رمسعود احمد رند، ڈی پی او پنجگور جمیل بلوچ، عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں،علماء کرام، سرکاری افسران اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے علاوہ ہزاروں کی تعداد نے شہریوں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ مفتی مکران مولانا محمد بخش نے پڑھائی۔ اس موقع پر پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ نماز جنازہ کے بعد میتوں کو ایئر پورٹ کے قریب واقع قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی اجتماعی قبریں بنائی گئی تھیں۔ تدفین کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ جاں بحق افراد کے لواحقین دھاڑے مار کر روتے رہے۔ میتیں شدید جھلس جانے کی وجہ سے لواحقین اپنے پیاروں کا آخری دیدار بھی نہ کرسکے۔سانحہ بیلہ کے باعث پنجگور کی فضاء سوار تھی۔
سوگ میں شہر کے بازار، مارکیتیں اور دکانیں بھی بند رہیں۔ جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ پنجگور کے علاقے دازی بونستان کے ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی حادثے میں لقمہ اجل بنے۔ ان میں گھر کا سربراہ، ان کی اہلیہ، دو بیٹیاں ، بھائی اور اس کی اہلیہ بھی شامل تھے۔
اسی طرح پنجگور کے علاقے سری کوران سے تعلق رکھنے والی تین بہنوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ،چتکان کے ایک ہی خاندان کے دو بھائیوں سمیت تین افراد ،سندے سرعیسئی کے ایک ہی خاندان کی دو خواتین اور عیسئی کے دو بچوں کا تعلق بھی ایک ہی خاندان سے تھا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین نے حکومتی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے اور ریسکیو کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز قیمتیں جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ بیلہ میں فائر بریگیڈ کی گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے ہمارے پیارے زندہ جل گئے۔ انہوں نے حکومت سے حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
پنجگور، بیلہ حادثے میں جاں بحق 24افراد کی اجتماعی تدفین ، رقت آمیز مناظر
وقتِ اشاعت : January 24 – 2019