|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2019

کوئٹہ :  اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی رہنماوں میں شامل ہوں اور میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئیگی کیونکہ پارٹی نے اسپیکر کا عہدہ دیا ہے اور جب چائیے واپس لے سکتی ہے ایک کارکن کی حیثیت سے پارٹی میں کام کرتا رہونگا ، آواران کے ترقیاتی اسکیمات میں کوئی کٹوتی نہیں ہوئی ہے آواران میں جلد ترقیاتی سفر پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی جماعت ہے جس کے بانی رہنماوں میں شامل ہوں انہوں نے کہا کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کی افوائیں گردش کررہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں مجھے پارٹی کے قائدین نے اسپیکر منتخب کیا اور جب پارٹی کے قائدین چائیں گے میں یہ نشست چھوڑ دونگا اور ایک ورکرز کی حیثیت سے کام کرونگا ۔

انھوں نے کہاکہ اسپیکر شپ بہت بڑی ذمہ داری ہے جس سے پارٹی کی ذمہ داریاں نبھانے میں مشکلات درپیش آرہی ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں آواران کیلئے اسکیمات رکھے گئے تاکہ آواران میں بھی ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے منظور شدہ اسکیمات میں تبدیلی متوقع ہے ۔

لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے آواران کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے آواران کے اسکیمات میں کوئی کٹوتی نہیں کی ہے جو ایک خوش آئند عمل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے عوام سے کیئے گئے تمام وعدے پورے کریگی اور صوبے کے حقوق کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔