گوادر: ایکسپر یس وے منصوبے سے متاثرہونے والے ماہی گیروں کے ساتھ انصاف چاہتے ہیں۔ مشرقی ساحل پر ماہی گیروں کے روزگار کو برقرار رکھنے کے لےئے گزرگاہوں کی تعمیر نا گزیر ہے۔ گوادر شہر میں گیس کی سپلائی ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ ضلع بھر میں بجلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کےئے جائیں۔ تحصیل پسنی میں ہزاروں ایکڑ اراضی کے فیصلہ پر بھی لائحہ عمل طے کرینگے۔
ان خیالات کااظہار رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھو تانی نے نیشنل پارٹی کے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔نیشنل پارٹی کے وفد کی قیادت نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کی رکن میڈ م طاہر ہ خو رشید، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آ دم قادر بخش اور ضلعی صدر فیض نگوری کر رہے تھے ۔
وفد نے ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کے ممبر کو ضلع بھر میں بجلی کے بحران ، گوادر شہر میں گیس کی فراہمی، ماہی گیروں کے روزگار پرلگنے والی قدغن، جیونی و پشکان میں مضر صحت پانی کی سپلائی اورتحصیل پسنی میں 36ہزار ایکڑ اراضی کی منسوخی کے مسائل گوش گزار کرائے جس پر ایم این اے محمد اسلم بھو تانی نے کہا کہ عوامی مسائل کاحل ہماری اولین ذمہ داری ہے عوام نے مجھے مینڈ یٹ دیا ہے جس کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسٹ بے ایکسپر یس وے کے منصوبے سے متاثر ہونے والے گوادر کے ماہی گیروں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اس حوالے سے میں نے قومی اسمبلی کے فلور سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے ماہی گیری کا شعبہ یہاں کی مقامی آبادی کا بنیادی روزگار ہے جس کو ہرحال میں بر قرار رکھنا چاہےئے ترقیاتی منصوبوں میں ماہی گیروں کے روزگار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لےئے متبادل منصوبہ بندی وقت کا تقاضا ہے گزرگاہوں کی تعمیر ناگز یر ہے تاکہ ماہی گیروں کا سمندر تک رسائی بلا روک ٹوک جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر شہر میں گیس کی فراہمی اور ضلع بھر میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لےئے متعلقہ اداروں سے رابطے کےئے جائینگے جبکہ جیونی اور پشکان میں مضرصحت پانی کی فراہمی کا بھی نوٹس لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل پسنی میں ہزاروں ایکڑ اراضی کی منسوخی بادی النظر میں مقامی لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس پر وہ بہت جلد اپنی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائر یکٹر اور کیسکو کے ایکسئین بھی موجود تھے جن کو ایم این اے کی جانب سے گوادر شہر کے با قی ماندہ علاقوں کو گیس کی فراہمی اور ضلع بھر میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کا کہا گیا ۔ تاہم ایم این اے محمد اسلم بھو تانی ماہی گیروں کے تحفظات کے حوالے سے آج ماہی گیر اتحاد کے رہنماؤں سے ملاقات کرینگے اور ان کے ہمراہ مشرقی ساحل پر سائیٹ کابھی معائنہ کرینگے ۔
درایں اثناء نیشنل پارٹی کے وفد نے سپر یم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ واٹر کمیشن کے چےئر مین ایڈ وکیٹ امان کنرانی کو جیونی اور پشکان میں مضر صحت پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
ایکسپریس وے منصوبے کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرینگے ، اسلم بھوتانی
وقتِ اشاعت : February 3 – 2019