|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2014

پشاور: تحریک انصاف کے اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی نے دھمکی دی ہے کہ اگر صوبے کے کسی بھی علاقے کی بجلی بند کی گئی تو پنجاب کی ٹرانسمیشن لائنیں کاٹ دیں گے۔ پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ارکان صوبائی اسمبلی محمود خان اور فضل الہٰی کا کہنا تھا کہ بجلی پر پہلا حق خیبر پختونخوا کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متھرا اور شاہی بالا کے فیڈر بند ہونے سے 5 ہزار افراد بجلی سے محروم ہوجائیں گے۔ اگر صوبے کو بجلی فراہم نہ کی گئی  تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔ صوبائی اسمبلی کے اراکین نے کہا کہ وزیراعظم نے غیرسنجیدہ شخص کوبجلی وپانی  کا وزیربنا دیا ہے اگر پشاور کے فیڈر بند کیے گئے تو ہم پنجاب کی ٹرانسمیشن لائنیں کاٹ دیں گے۔ واضح رہے کہ وزیرپانی وبجلی عابد شیرعلی پریس کانفرنس کے دوران متعدد باراس بات کا اظہارکر چکے ہیں کہ خیبرپختوانخوا کے اکثرعلاقوں میں نہ صرف بجلی چوری ہوتی ہےبلکہ صوبائی کابینہ میں شامل وزیرکے علاقوں کے لوگ بجلی چوری کرنے کے ساتھ ب بل بھی ادا نہیں کرتے لہٰذا ان علاقوں کے فیڈرز بند کردیئے جائیں گے۔ گزشتہ روز صوبائی وزیرصنعت شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ اگر عابد شیرعلی پشاورآئے تو انہیں مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا جائے گا جب کہ  وزیراعلیٰ پرویز خٹک  بھی عابد شیرعلی کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ  پختونوں کو بجلی چورکہنے والے عابد شیر علی اپنی زبان کو لگام دیں۔