|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2019

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے 9فروری ”پلانٹ فار پاکستان ڈے ”کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ بلو چستان جوکہ ملک کے تقریباً نصف حصہ پر مشتمل ہے کو گزشتہ ایک عشرے سے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے شدید خطرات کا سامنا ہے جس کے باعث صوبہ خشک سالی سے دوچار ہے زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گررہی ہے ۔

بلو چستان جہاں پانی کا واحد ذریعہ موسم سرما میں ہونے والی بارش ہے جبکہ کچھ اضلاع جیسے کہ خضدار،سبی،ژوب،موسیٰ خیل،لورالائی کے کچھ علاقے اور بارکھان مون سون کی بارشوں پرانحصار کرتے ہیں اس صورتحال میں درخت اگانا حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں اور حکومت ان مشکلات سے نبردآزما ہونے کی بھرپور کوشش کررہی ہے امسال موسم بہار میں محکمہ جنگلات وجنگلی حیات خصوصی مہم کے تحت پورے بلو چستان میں 12لاکھ درخت لگائے اور تقسیم کرے گا۔

اس مہم کو دیگر سرکاری وغیرسرکاری ادارے،سول سوسائٹی اور عوام کی بھرپور معاونت کے ذریعے کامیاب بنایا جائے گا آج 9فروری کے دن 80ہزار پودے لگائے جائیں گے جس سے کم از کم ہر گھر میں ایک پودے اگانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔میں بلو چستان کے عوام سے توقع کرتا ہوں کہ وہ حکومتی مہم ” ہرگھر میں شجر ”میں بڑھ چڑھ حصہ لیں گے اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات میں معاون ثابت ہوں گے۔

ساتھ ہی میں بلوچستان کے تمام سرکاری اداروں کے اہلکاروں کوبھی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ نہ صرف اس مہم کا باقاعدہ حصہ بنیں بلکہ اس نیک کام میں متعلقہ حکام کی بھرپور معاونت کریں۔میرے اس نعرے کہ” ہر گھر میں شجر”کو بلو چستان کے عوام نہ صرف کامیاب بنائیں گے بلکہ حکومت کے سرسبز بلو چستان کے مشن کو بھر پور طریقے سے سرانجام دیں گے۔