|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صحافی اور نیوز نیٹ ورک انٹرنیشنل کوئٹہ (NNI)کے بیورو چیف عاشق علی بٹ جو گزشتہ چند دنو ں سے شدید علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے منگل کی شب کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔

مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز بدھ جامع مسجد شہباز ٹاؤن میں ادا کی جائے گی اور تدفین کانسی قبرستان میں ہو گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سینئر صحافی اور این این آئی نیوز کے بیورو چیف عاشق علی بٹ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

مرحوم کے بیٹے کے نام اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک کہنہ مشق صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافتی اقدار اور مثبت صحافت کے فروغ کیلئے کام کیا اور ان کی وفات سے شعبہ صحافت ایک محنتی اور اپنے شعبے سے مخلص صحافی سے محروم ہوگیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبروہمت سے برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔