|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2019

پشین: فرنٹیئر کور بلوچستان قلعہ سیف اللہ سکاؤٹس کے زیر اہتمام پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹر وں نے مجموعی طور پر ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کرکے مفت ادویات فراہم کیں ۔

مریضوں میں مرد ،خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھیں۔سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر لیاقت علی نے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ میں متعدد مستحقین اور غریبوں میں مفت راشن جبکہ بچوں میں کتابیں کاپیاں اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا ۔بریگیڈیئر لیاقت علی نے کہا کہ آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مفت طبی کیمپس تسلسل سے منعقد کئے جارہے ہیں۔

تاکہ سہولتوں سے محروم آبادی صحت کی مفت اور بروقت سہولیات حاصل کرسکے انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان سرحدوں کی حفاظت، منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی اصغر خان ترین،لیفٹیننٹ کرنل اکبر ،لیفٹیننٹ کرنل امان اللہ مینگل، میجر صمد کاکڑ اور محب ترین بھی انکے ہمراہ تھے ۔

بریگیڈیئر لیاقت علی نے مریضوں سے گفتگو بھی کی۔دریں اثناء سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر لیاقت علی نے پشین کے نواحی علاقے کلی ملک کٹا میں سرسبز پاکستان کے تحت پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم کے سلسلے میں گاؤں میں واقع ڈیم کے قریب پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا جبکہ میجر صمد کاکڑ،فارسٹ آفیسر اجمل کاکڑ، جے یو آئی کے ضلعی سرپرست اعلیٰ مولوی حبیب اللہ، شیخ الحدیث مولانا عطاء اللہ ،حافظ عبدالقدیر ، ملک شاہنواز کاکڑ،مولوی عبدالظاہر ،مولوی عبداللہ، مولوی سلیم سمیت علاقہ مکینوں اور بچوں نے کثیر تعدادمیں پودے لگائے ۔اس موقع پر بریگیڈیئر لیاقت علی کا کہنا تھا کہ درخت لگانا اور انکی حفاظت کرنا صدقہ جاریہ ہے۔

ہمیں اپنی متعدل ہوگی اور جنگلات کی کمی پوری ہوگی شجر کاری مہم میں سب کو بھر پور حصہ لینا چاہئے ۔اس دوران گاؤں کے سینکڑوں بچوں نے مختلف علاقائی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کی گئی بچوں میں کتابیں کاپیاں اسکول بیگزاور سپورٹس کا سامان بھی تقسیم کیا گیا ۔قبل ازیں فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے سرخا ب مہاجر کیمپ میں جرگہ منعقد کرایا گیا۔

جرگے میں افغان مہاجرین اور علاقے کے ضعیف العمر افراد شریک تھے منعقدہ جرگے کے شرکاء سے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر لیاقت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں غیور عوام دہشتگردی کیخلاف پاک فوج اور ایف سی کے ساتھ کھڑی ہیں ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج ،ایف سی اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

افغان مہاجرین سے مخاطب ہوکر انکا کہنا تھا کہ اسلام میں ہمسایہ کے حقوق کو کافی اہمیت حاصل ہے ۔ نبی کریم ؐ نے اپنی تعلیمات و ہدایت میں ہمسائیگی اور پڑوسی کے تعلق کو بڑی عظمت بخشی ہے اور اس کے احترام و رعایت کی بڑی تاکید فرمائی ہے کہ اس کو جزو ایمان اور داخلہ جنت کی شرط اور اللہ اور اسکے رسول کی محبت کا معیار قرار دیا ہے۔

افغان مہاجرین کی بحیثیت مہمان انکی خدمت ہمارا فرض ہے انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اور کامیابی ایمانداری اور سچ بولنے میں ہے الحمد اللہ پاکستان ایک طاقتور ملک ہے ملک دشمن قوتیں ہمیں آپس میں لڑانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر انہیں منطقی انجام تک پہنچاکر رئیں گے انہوں نے مزید کہا کہ علاقے سے غیر قانونی اسلحے کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

اسلحے کی نمائش ہر گز برداشت نہیں کریں گے ڈسٹرکٹ کے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک اور اجنبی اشخاص پر کھڑی نظر رکھیں اور ہمسایہ ملک سے آنیوالے رشتہ دار وں سے متعلق انتظامیہ کو آگاہ کیا کریں ۔

اس موقع پر جرگے کے شرکاء نے ایف سی بلوچستان کی جانب سے انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہا اور طبی کیمپ میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان نے ہر وقت علاقے کے پسماندہ علاقوں بالخصوص غریب مریضوں اور بچوں کیلئے فری میڈیکل کیمپس اور صحت کیلئے ہمیشہ بہتر کام کیا ہے۔

افغان مہاجرین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں گزشتہ پینتالیس برسوں سے آباد ہیں پاکستان کی مٹی سے محبت کرتے ہیں کسی صورت اس مٹی سے بے وفائی نہیں کریں گے یہ وطن ہماری ماں ہے۔

غداری ہر گزبرداشت نہیں کریں گے جرگے کے شرکاء نے ایک ساتھ اونچی آواز میں ’’نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور’ ’پاکستان زندہ باد،پاک فوج اور ایف سی بلوچستان پائند باد‘‘ کے نعرے لگائے ۔سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیر لیاقت علی نے جرگے میں شریک افغان مہاجرین اور پاکستانیوں میں قرآن پاک کا تحائف تقسیم کئے۔ آخر میں ایف سی کی جانب سے جرگے کے شرکاء کیلئے ٹی پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔