|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے تین ہائی رسک اضلاع میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری رہی۔محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے کے ہائی رسک اضلاع میں کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں دوسرے روز بھی بڑی تعدادمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سمیت قوت مدافعت کی کمی شکار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

حکام کے مطابق انسداد پولیو مہم تین روز تک جاری رہے گی جس میں 7لاکھ32 ہزار،585بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ ٹیکہ جات کی مہم 2 مارچ تک جاری رہے گی جس میں قوت مدافعت کی کمی کا شکار 4 ماہ سے 5 سال تک کے 6 لاکھ 81 ہزار 304 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے انجکشن لگائے جائیں گے۔انسداد پولیو مہم میں 2ہزار686ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جسمیں 1193 ویکسینٹر، 1193 ٹیم اسسٹنٹ،300 کمیونٹی موبلائزر شامل ہیں۔

انسداد پولیو مہم کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔رواں سال پنجاب ، خیبر پختونخواء سے پولیو کے چار کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ افغانستان میں بھی پولیو کی وجہ سے 21 بچے معذوری کا شکار ہوئے ہیں۔