|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2019

حب: سیکرٹری ثانوی تعلیم محمد طیب لہڑی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات سمیت نقل کا خاتمہ ناگزیر ہوگیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ نقل جیسے ناسور کا صوبے بھر سے خاتمہ کیا جائے۔محکمہ ثانوی تعلیم صوبے میں تعلیم کی بہتری اور بنیادی تعلیمی ڈھانچے میں اصلاحات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گی۔

تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا عمل بہتر بنانے، بہتر تعلیمی ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لسبیلہ کے مختلف سکولوں اور امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ان میں گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول اکرم کالونی حب، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول وندر، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گڈانی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول دریجی، گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول اوتھل اور گورنمنٹ گرلز مڈل سکول جام یوسف کالونی حب شامل ہیں۔ 

سیکرٹری ثانوی تعلیم نے بعض سکولوں میں صفائی کی ناگفتہ بہ صورتِ حال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سربراہان کو سکولوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات دی۔ جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بیلہ کے پرنسپل محمد اسرار کو غیر تسلی بخش کارکردگی اور غفلت کی بناء پر فوری طور پر معطل کردیا۔ 

سیکرٹری تعلیم نے بعض امتحانی مراکز کی صورتحال پر اظہار ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے عملے کو مؤثر انداز میں فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔ ضلع لسبیلہ کے دورے کے موقع پر محمد طیب لہڑی نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گڈانی اور گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول اوتھل کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کا افتتاح بھی کیا واضح رہے کہ ان سکولوں کو حال ہی میں ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذکورہ ادارے ضلع میں تعلیمی معیار کی بہتری میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔بعد ازاں سیکرٹری تعلیم نے گرین پاکستان شجرکاری مہم کے سلسلے میں ڈی ای او آفس سمیت مختلف سکولوں میں پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان ہمارا خواب ہے اس کی تعبیر کے لیے تمام سکولوں کے اساتذہ اپنے حصے کا پودا لگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک آباد و خوشحال پاکستان مل سکے۔