|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2019

 لاہور: کلبھوشن یادیو کیس میں نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس میں بھارت کی جانب سے نواز شریف کا انٹرویو بطور ثبوت پیش کیے جانے کے معاملے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے پر بغاوت کی کارروائی کے لیے متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت میں زیر سماعت ہے، مقدمے میں بھارتی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے نواز شریف کا متنازعہ انٹرویو بطور ثبوت پیش کیا، نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو سے عالمی عدالت میں پاکستان کا مقدمہ کمزور ہوا اور پاکستان کے لیے پوری دنیا میں شرم کا باعث بنا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے درخواستیں پہلے ہی ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی زیر صدارت  بند کمرے کے اجلاس کی کارروائی نواز شریف کو بتائی، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے اور بغاوت کے الزام میں  کارروائی کی جائے، عدالت مقدمے کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے۔