|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2019

خضدار :  جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی قائد میر شفیق الرحمن مینگل کی ہدایت پر جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع پاکستان کے نام سے احتجاجی ریلی ،ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت ،پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ اور بھارتی قومی پرچم و وزیر اعظم مودی کا پتلا نظر آتش ،قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے بھارت کے خلاف ہر محاز پر جھالاوان و بلوچستان کے عوام بر سر پیکا ر ہونگے ۔

مقررین کا جلسہ سے خطاب تفصیلات کے مطابق جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام زیر اہتمام دفاع پاکستان کے نام سے ایک احتجاجی ریلی سردار مراد خان شیخ ،میر نور احمد رئیسانی ،میر فدا احمد قلندرانی اور میر شفیق الرحمان گچکی کی قیادت میں نکالی گئی ۔

ریلی کھٹان پل ،کرخ روڈ ،چاکر خان روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کی جلسہ سے جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنماوں سردار مراد خان شیخ ،میر نور احمد رئیسانی ،محمد عالم براہوئی،الفت برائیوئی ،بلا ل احمد راہی ،میر شہباز خان قلندرانی ،ڈاکٹر حبیب اللہ رئیسانی مولانا عبدالرحمن بزنجو ،میر شفیق الرحمان گچکی سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک نا قابل تسخیر ملک ہے اور سرزمین پاک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے بھارت پاکستان کا بال بھی بھیگا نہیں کر سکتا ۔

مقررین نے کہا کہ بھارت نے پہلے بلوچستان میں اپنی ایجنٹوں کے زریعے دہشت گردی پھیلائی جس کا ہم نے اللہ تعالیٰ کی فضل و کرم سے مقابلہ کیا اور انہیں نیست و نابود کر دیا اب یہاں ناکام ہونے کے بعد سرحدوں سے مداخلت شروع کر دی ہے ہم انہیں وہاں بھی پنپنے نہیں دئینگے حکومت اور مسلح افواج فیصلہ کریں جھالاوان عوامی پینل کے کارکنان اپنے قائد میر شفیق الرحمن مینگل کی قیادت میں سر پر کفن باندھ کر مقابلہ کرئینگے ۔

ماضی کے تجربات کو انڈیا یاد رکھیں اور اس بات کو بھی یاد رکھیں کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے لمحوں میں بھارت کا نام و نشان دنیا سے مٹایا جا ئے گا بلوچستان کے عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔

مقررین نے بھارتی جار حیت اور کشمیر میں بھارت کی مظالم پر اقوام متحدہ و دیگر عالمی قوتوں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے نام کو استعمال کرکے دوسرے ممالک پر چڑھائی کرنے والی امریکہ کو یہ بد معاشی اور دہشت گردی کیوں نظر نہیں آ رہی ۔

احتجاجی جلسہ عام کے اختتام پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی قومی پرچم کو مشتعل مظاہرین نے نظر آتش کر دیا ریلی کے حوالے سے خضدار انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی خود نگرانی کر رہے تھے ۔