|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2019

کوئٹہ :  مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا،بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اورجنوبی ایشیا کے امن کواپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔

یہ بات ا نہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کے خلاف جاری کردہ مذمتی بیان میں کہی ،نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی اور تحمل کو کمزوری تصور نہ کیا جائے ،بلوچستان کے غیور عوام پاکستان پر اپنی جان قربان کر نے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

بھارت ایک جانب نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے اور دوسری جانب بلوچستان میں بھی دہشتگردی کرنے میں ملوث ہے لیکن یہ سب کرنے کے باوجود بھی خون کے پیاسے مودی کو سکون نہیں آرہا ۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کا آغاز بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی ہماری افواج ملک کا وفاع کرنا جانتی ہیں اور انکے ساتھ ساتھ 21کروڑ عوام بھی مادر وطن پر جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سینے جذبہ ایمان سے سرشار ہیں اور پاکستان کے وفاع میں ہم نے پہلے بھی شہداء کے تحفے دئیے ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے