کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے حالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کی سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیکر ان کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔
گزشتہ روزامدادی سرگرمیوں میں شامل مستونگ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ برفباری اور بارش سے تحصیل دشت، تحصیل کردگاپ میں آنیوالے سیلابی ریلوں سے کئی کچے مکانا ت اور دیواریں مہند م کئی علاقوں کی رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں ۔
مستونگ سٹی ،تحصیل دشت ، تحصیل کردگاپ،آباد، کنڈواہ، تیری کے علاقوں میں بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کے املاک کو نقصان مال مویشی جاں بحق ،زرعی ٹیوب ویلوں اور انکے سولر سسٹم کو بھی شدیدنقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا ہے بارش و برف باری سمیت آسمانی بجلی گرنے سے ان علاقوں میں رہائشی افراد کے 100 سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں اور مال مویشیوں کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔ رکن اسمبلی نے سیلابی میں بہہ جانے سے بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
حکومت متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیکر بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے،، شکیلہ نوید دہوار
وقتِ اشاعت : March 5 – 2019