اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن کے لیے کھڑا ہے اور کون جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے۔
بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف ہونے والی کارروائی کسی دباؤ کے تحت نہیں کی گئی بلکہ یہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا حصہ ہے، پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن کے لیے کھڑا ہے اور کون جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، ہم نے جس طریقے سے بھارتی پائلٹ واپس کیا، بھارت نے اس کے برعکس شاکراللہ کی لاش پاکستان واپس بھیجی جب کہ بھارت سے شواہد مانگنا بھی بھارت میں ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو اپنامحاسبہ کرنا چاہیے، کشمیریوں کے ساتھ ہمارا خون کا رشتہ ہے، بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بہت بڑا مسئلہ ہیں۔