چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ثالثی کا خیرمقدم کرتا ہے لیکن بھارت گریزاں نظر آتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے دوسرے سیشن کی سائڈ لائنز پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کے قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلیے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی ثالثی کاخیرمقدم کرتا ہے لیکن بھارت گریز کرتا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا اہم ترین اتحادی ہے اور ہمیشہ رہے گا تاہم چین امید کرتا ہے کہ پاکستان اور بھارت تصادم کا راستہ اختیار کرنے کی بجا ئے مذاکرات سے مسائل کا حل نکالیں تاکہ خطے میں امن کے لیے سازگار ماحول میسر آئے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژو نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے خواہش مند ہیں، پاکستان اور بھارت کو ماضی کی تلخیاں بھلا کر اچھے تعلقات استوار کرنے چاہیئے، اس حوالے سے پاکستان کے اقدام خوش آئند اور قابل ستائش ہیں۔