|

وقتِ اشاعت :   April 22 – 2014

کراچی (ظفراحمدخان)متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ حکومت میں شمولیت کافیصلہ کرلیاہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے چار ارکان آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبائی وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کیلئے سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی کوششیں کارآمدثابت ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سندھ حکومت میں شمولیت کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ ایم کیو ایم کے ذرائع کاکہناہے کہ سندھ کابینہ میں ایم کیو ایم کے چار وزیر اور دو مشیر شامل کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف اٹھانے والے وزراء میں عادل صدیقی، خواجہ اظہار الحسن، رؤف صدیقی اور سید سردار احمد شامل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان گزشتہ دو ماہ سے سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے پس پردہ مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔ ایم کیو ایم کے وفد نے دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کی تھی۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات ختم کرانے اور سندھ حکومت میں شمولیت کے معاملات طے کرانے میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔متحدہ ذرائع کاکہناہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلدیاتی نظام اور کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات سمیت دیگر امور کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کو صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت وتجارت اور دیگر محکمے دیئے جاسکتے ہیں۔