|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2019

 کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بلاول اگر بچ کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاست میں مارا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کا محکمہ اپنے افسران اور مزدوروں کی محنت سے آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان ریلوے نے چھ ماہ میں ترقی کی ہے، ریلوے میں 10 ہزار آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں، ہم اپنی فریٹ ٹرینیں اسی ملک میں ہی بناسکتے ہیں، ہمارے پاس ساری ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن ہم پھر بھی پیچھے رہ گئے ہیں اگلا مشن ہے کہ پاکستان کچھ امپورٹ نہ کرے کیونکہ جب چیزیں درآمد کی جاتی ہیں تو اس میں کرپشن اور کمیشن ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لٹیروں نے ملک کو لوٹا اور عوام کو گیس کے اضافی بل دینے پڑ رہے ہیں۔ آج وہ چور ، ڈاکو اور لٹیرے جو ضمانتیں کراتے پھر رہے ہیں، انہوں نے تو قبرستان کو بھی نہیں بخشا، مردوں کےنام پر اربوں روپے ملک سے باہر بھیجے ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈر ہے کہ بلاول تھانے میں میری شکایت داخل کرے گا کہ میں نے اس کے کپڑے پھاڑے ہیں، لوگ کہتے ہیں بلاول بچہ ہے، اس لئے بلاول کو معاف کیا، اگر وہ بچ کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاست میں مارا جائے گا۔ آصف زرداری نے بلاول کو آگے کیا ہوا ہے، بلاول کو سمجھا رہا ہوں بازآجاؤ آصف زرداری سٹے باز ہے۔