گڈانی(: چیف سیکریٹری بلوچستان اختر نذیر اور سیکریٹری توانائی پسند خان بلیدی نے ہفتے کی شام گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ کیا ، گڈانی آمد پرڈائریکٹر بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ جاوید اور شپ بریکرز ایسوسی ایشن اراکین دیوان رضوان ، عارف ڈار اور صدر الدین اسماعیلی ، اسلم جیوانی ،ارباب دلدار، الطاف گھانچی، عبدالغنی میمن نے انکا استقبال کیا۔
اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر کاکڑ ڈی سی لسبیلہ شبیر احمد مینگل اسسٹنٹ کمشنر حب کیپٹن مہراللہ بادینی بھی انکے ہمراہ تھے چیف سیکریٹری نے دورہ گڈانی کے موقع پر بی ڈی اے کی جانب سے آراو پلانٹ منصوبے کا معائنہ کیا ، ڈائریکٹر بی ڈی اے کیپٹن جاوید نے چیف سیکریٹری کو بریفنگ میں بتایاکہ گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کی بدولت ملک بھر میں اسٹیل ری رولنگ کی صنعتیں قائم ہیں حکومت اس صنعت کی ترقی اور فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔
شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بی ڈی اے ماڈل پراجیکٹ پر کام کررہی ہے آر او پلانٹ منصوبے کی بروقت تکمیل بی ڈی اے ٹیم کی کاوششوں کا نتیجہ ہے انھوں نے بتایا کہ آراو پلانٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد مستقل بنیادوں پر چلانے کیلئے میکنزم تیار کیا جارہاہے پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے آراو پلانٹ منصوبے کو چلایاجائیگا ۔
انھوں نے بتایا کہ پسنی اور جیوانی میں بھی آر او پلانٹ منصوبوں پر کام جاری ہے چیف سیکریٹری بلوچستان نے بی ڈی اے کے زیر نگرانی قائم آراوپلانٹ منصوبے کاجائزہ لیا اور ڈی سیلینیشن پلانٹ سے حاصل ہونے والے پانی کا ذائقہ بھی ٹیسٹ کیا۔
چیف سیکریٹری بلوچستان کو دورے کے موقع پر بی ڈی اے کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی چیف سیکریٹری کو بریفنگ میں بتایا گیا ادارے کا قیام 1974میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی بی ڈی اے ایکٹ کے تحت عمل میں لایا گیا۔
بی ڈی اے صنعتی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار اداکررہی ہے حکومتی منظوری اور اسپانسر کمپنیز کی شراکت سے مائننگ سیکٹر کے کئی پراجیکٹس پر کام جاری ہے گڈانی شپ بریکنگ کے حوالے سے چیف سیکریٹری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1256ایکٹر پر مشتمل شپ بریکنگ انڈسٹری بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر نگرانی قائم ہے ۔
شپ بریکنگ یارڈ 135پلاٹ پر مشتمل ہے ہم نے شپ بریکنگ انڈسٹری کی ماڈرنائزیشن منصوبے کی پی سی ون وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرانے کیلئے پلاننگ کمیشن میں جمع کرائی ہے اور وزارت پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم ڈویژن نے جدید خطوط پر انڈسٹری کو استوار کرنے کیلئے اسکیم کی منظوری دی ہے ۔
اس اسکیم میں ٹراما سینٹر برن یونٹ اور ہسپتال کا قیام ، ایڈمنسٹریٹیو بلاکس اور ٹریننگ سینٹر ، روڈ تک رسائی ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے سہولیات کی فراہمی ، لیبر کالونی کے قیام سمیت ،آلودگی کی روک تھام کیلئے صنعتی فضلے کی محفوظ مقامات پر منتقلی جیسے اقدامات منصوبے میں شامل ہیں ۔
بعد ازاں چیف سیکریٹری نے شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 42کا دورہ بھی کیا شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے چیف سیکریٹری کی موجودگی میں بی ڈی اے کے آراوپلانٹ منصوبے کیلئے 800 کے وی کے جنریٹر کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔
گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا،چیف سیکرٹری
وقتِ اشاعت : March 18 – 2019