|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2019

 کراچی: کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

کنٹونمنٹ بورڈ نے اپنی حدود میں کمرشل مارکیٹ کے دکانداروں کو پلاسٹک بیگ میں سوداسلف فروخت نہ کرنے اور مکینوں کو بھی پلاسٹگ بیگ ترک کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان سی بی سی کے بیان میں کلفٹن کے تمام مکینوں کو مطلع کیا گیا کہ پولیتھن بیگس کا استعمال ترک کردیا جائے، کیونکہ پلاسٹک بیگ آلودگی اور ماحول کی تباہی کاسبب بن رہا ہے اور سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

پولیتھن بیگ نہ صرف سمندری حیات بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید ترین خطرہ ہے، کیونکہ یہ مائیکروپلاسٹک میں تبدیل ہوکر ماہی گیری کے ذریعے انسانی خوراک میں شامل ہورہا ہے۔

ترجمان سی بی سی نے کہا کہ تمام کمرشل اور گھریلو صارفین متبادل کپڑے یا کاغذ کے بیگ استعمال کریں، جبکہ 5 اپریل کے بعد سے پلاسٹک بیگ استعمال کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔