|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2019

کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ء اللہ لا نگو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ طلباء اور نوجوان نسل میں سیاسی شعور اور بیدارمغزی اجاگر کیا جائے لیکن اس کے لئے تعلیمی اداروں کو منفی سیاست کی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی غرض سے کسی بھی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے ماضی میں نا صرف ہمارے تہذیب و تمدن اور ثقافت کو پروان چڑھانے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں بلکہ عوامی شعور اجاگر کرنے کی تحریکوں کا آغاز بھی زیادہ تر اعلیٰ تعلیمی اداروں سے ہی شروع ہوا ہے ۔

لیکن بدقسمتی سے آج ہمارے تعلیمی اداروں میں بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاسی اور ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے طلباء اور طلباء تنظیموں کو استعمال کیا جاتا ہے۔ طلباء کو سیاسی اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا قوم کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کرنے کے مترادف ہے، علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں منفی سیاست کی وجہ سے طلباء اور اساتذہ میں بھی دوریاں بڑھتی جارہی ہیں جسکی وجہ سے طلباء تعلیم کے اصل روح سے روشناس نہیں پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے طلباء لگن اور شوق سے تعلیم حاصل کریں تعلیم مکمل کرنے کے بعد چاہے تو وہ کاروبار کریں، قومی اور صوبائی مفاد عامہ کے اداروں کا حصہ بنیں یا پھر ملک اور صوبہ کے سیاسی دھارے میں شامل ہو کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء ملک اور قوم کے مستقبل اور معمار ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے طلباء تعلیمی اداروں میں جماعتی، غیر جماعتی سیاست اور تنظیمی سازی کے بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔

ہمارے طلبا تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر، انجینئر، سیاستدان، ذمہ دار شہری اور ایک محب وطن فرد بننے کی بجائے سیاسی فنکاروں اور گماشتوں کے ہاتھوں آلہ کار بن کر تعصب، لسانیت اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کا سبب بنتے جا رہے ہیں جسکی وجہ سے ملک میں شدت پسندی اور عدم برداشت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل تابناک دیکھ رہے ہیں، طلباء اپنی تمام تر توجہ تعلیمی اداروں میں غیر مفید سیاست اور تنظیم بازی سے ہٹا کر مکمل طور پر تعلیم کے حصول اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر مرکوز رکھیں اور کسی بھی طرح سے سیاسی فنکاروں کے باتوں پر کان نہ دھریں۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملک اور صوبہ میں نوجوانوں کیلئے سیاست سمیت دیگر شعبوں میں ملک اور قوم کی خدمت کرنے کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے تعلیمی اداروں میں کچھ مفادپرست عناصر اور سیاسی تنظیمیں منفی سیاست اور سوچ کو پروان چڑھا رہے ہیں جو نوجوانوں میں حب الوطنی، یکجہتی کا پرچار کرنے اور سیاسی، مذہبی، لسانی برداشت پیدا کرنے کی بجائے انہیں ناصرف ملک اور قوم کے خلاف ورغلا رہے ہیں بلکہ اپنے غیر سنجیدہ، غیر تدبرانہ، عاقبت نا اندیش اور جذباتیت پر مبنی سیاست اور خطابت سے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔