|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ کے سول اسپتال میں موجود بارہ لاوارث لاشیں امانتاً سپرد خاک کر دی گئیں۔ایدھی حکام کے مطابق لاشوں کو عدالتی احکامات پر دشت کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

لاشیں تشدد زدہ اور نشے کے عادی افراد کی تھیں جو ایک ماہ قبل قمبرانی روڈ، سریاب روڈ، غوث آباد سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے ملی تھیں ۔ لاشیں تشدد زدہ یا پھر نشے کے عادی افراد کی تھیں۔لاشیں لینے کیلئے ورثاء میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا جس پر انہیں امانتاً دفنادیا گیا ہے۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے ا فراد کی تصویریں اور قبروں کے کوڈ نمبر اپنے پاس محفوظ کر لئے ہیں ۔

ورثاء کی جانب سے رابطہ کرنے پر لاشیں ریکارڈ کے مطابق ان کے حوالے کی جائیں گی۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ کیو ڈی اے قبرستان میں جگہ نہ ہونے کے باعث لاشوں کو اب دشت کے قبرستان میں دفن کیا جاتا ہے ۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران 40 سے زائد لاشیں دشت کے قبرستان میں دفن کی جا چکی ہیں۔