|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2019

ہری پور: خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل خان پور میں 7سالہ بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔

ہری پور پولیس کے ترجمان حسن عطا الرحمٰن نے بتایا کہ قتل کیے گئے بچے کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی جو مارچ آباد کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق بچے کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اسے پھندے کے ذریعے گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی لوگوں نے صبح سویرے جھوگیا گاؤں کے قریب کچرے کے ڈھیر میں بچے کی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر لاش کو خان پور ہسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم میں بچے کے جنسی استحصال اور اس کے بعد کپڑے کی مدد سے گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ 7 سالہ عمر گورنمنٹ پرائمری اسکول جھوگیا میں اول جماعت کا طالبعلم تھا جس نے حال ہی میں ہونے والے امتحان میں 92 فیصد نمبر حاصل کر کے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔