کوئٹہ: اراکین صوبائی اسمبلی وسول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہاہے کہ حق کو حقدار تک پہنچاناہمارامذہبی وقومی فریضہ ہے ،زکواۃ وعطیات کی رقوم مستحقین تک پہنچانے کیلئے چھان بین ضروری ہے۔
اس ضمن میں لوگوں میں شعوروآگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے ،حق حقدارتک کے بل میں بہتری لاکراسے اسمبلی میں پیش کریں گے تاکہ اس کوجلدپاس کیاجاسکے۔
گزشتہ روزصوبائی اسمبلی ہال میں’’حق حقدار تک ‘‘ بل سے متعلق آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کے ملک سکندرایڈووکیٹ،اراکین صوبائی اسمبلی میراکبرمینگل،قادرنائل،نصراللہ زیرے،وزیراعلیٰ بلوچستان کی پارلیمانی سیکریٹری برائے کیوڈی اے بشریٰ رند ،میربہرام بلوچ،ایڈووکیٹ عبدالحئی بلوچ،سماجی کارکن ثناء دارانی،شمائلہ اسماعیل ودیگرکاکہناتھا کہ بلوچستان میں’’حق حقدار تک ‘‘سے متعلق قانون سازی کی ضرورت ہے۔
مختلف عناصرچندہ اورعطیات کی رقوم کوغیرآئینی سرگرمیوں میں استعمال میں لاکرملک وصوبے مزیدمشکلات پیداکرسکتے ہیں،یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ رجسٹرڈتنظیموں کوعطیات دیں تاکہ وہ اس رقم کومعاشرے اورہمارے لوگوں کی فلاح وبہبودکیلئے استعمال میں لاسکیں۔
مقررین نے کہا کہ اس اہم موضوع پربحث مباحثہ اورشعوروآگاہی خوش آئنداقدام ہے،وہ تنظیمیں جوچندہ جمع کرتی ہیں ان کے بارے میں حکومت کے پاس تمام معلومات ہونی چاہئیں،اس بارے میں مل کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ہمیں ان لوگوں کاانتخاب کرناچاہئے جومستحق ہوں اورانہیں مالی معاونت کی ضرورت ہو،عورتیں بھی زکوۃ وصدقات دیتی ہیں اس بارے میں خواتین کوشعوروآگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے کہ ان لوگوں کوچندہ نہ دیں جواس رقم کاغلط استعمال کریں،اراکین صوبائی اسمبلی نے اس عزم کااظہارکیا کہ وہ اس بل میں مزید بہتری لاکرجلدصوبائی اسمبلی میں پاس ہونے کیلئے پیش کریں گے۔
حق کو حقدار تک پہنچانا ہمارا مذہبی فریضہ ہے،اراکین اسمبلی
وقتِ اشاعت : April 3 – 2019