|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2019

کوئٹہ: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کی جانب سے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور جعلی ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد ادویہ ساز کمپنیوں ،میڈیکل سٹورز ودیگر کے کیسز کے فائلز دبائے جانے کاانکشاف ہواہے ۔

ڈرگ کورٹ بلوچستان کوئٹہ کے چیئرمین مہتہ راجیش ناتھ کوہلی اور ممبران کی جانب سے نوٹس لئے جانے کے بعد گزشتہ روز سالوں بعد 31ادویہ ساز کمپنیوں،میڈیکل سٹورز ودیگر کیخلاف دائر مقدمات کا لسٹ عدالت میں پیش کردیاگیابلکہ وفاقی ڈرگ انسپکٹرسجاد عباسی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ 9اپریل کو اگلی سماعت پرمزید ایسے کیسز کا سراغ لگا کر لسٹ پیش کیاجائے گا جن کے کیسزسالوں گزر جانے کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہیں کئے جاسکے ہیں ۔

یاد رہے کہ ڈریپ اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے غیرمعیاری،غیررجسٹرڈ اور جعلی ادویات کے خرید وفروخت کے درجنوں ادویہ ساز کمپنیوں ،میڈیکل سٹورز ودیگر کے خلاف دائر درجنوں مقدمات کے فائلز دبائے جانے کا انکشاف صورت خان میڈیکل سٹور ودیگر کے فائل کھولنے پر ہوا تھا جس کا ڈرگ کورٹ بلوچستان کوئٹہ کے چیئرمین نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اسلام آباد اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹرسے وضاحت طلب کی کہ مبینہ طورپرسالوں سے دبائے جانے والے زیرالتواء کیسز کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔

واضح رہے کہ سال 2012ء میں وفاقی ڈرگ انسپکٹر سلیم شاہ اور ایف آئی اے کی جانب سے غیر معیاری اور نان رجسٹرڈ ادویات کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد برآمدکئے گئے ادویات غیر معیاری اور جعلی قراردئیے گئے تھے۔

اس سلسلے میں فیڈرل انسپکٹر کو چالان جمع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم سالوں گزر جانے کے باوجود چالان جمع نہیں کرائے گئے تھے بلکہ غیر معیاری اور جعلی ادویات کے کاروبار کرنے والوں کے خلاف دائر مقدمات کی فائلوں کو بھی مبینہ طورپردبا دیاگیاتھا۔

اس سلسلے میں ڈرگ کورٹ کے چیئرمین مہتہ راجیش ناتھ کوہلی ،ممبران ارسلاء خان سلیمان خیل اور فیصل احمد مینگل کی جانب سے متعلقین کونوٹسز جاری کئے گئے تھے۔

گزشتہ روز فیڈرل ڈرگ انسپکٹرسجاد عباسی کی جانب سے 31ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورز ودیگر جن میں نیٹرو فارماسیوٹیکل کمپنی لاہور،پروفیسر حکیم ملک داؤد،علی گوہر اینڈکمپنی ،لائیل پور،شنگھائی میڈیسن ودیگر شامل ہیں کے خلاف دائر کیسز کی تفصیل عدالت میں پیش کی گئی بلکہ ساتھ ہی یقین دہانی کرائی گئی کہ مزید کیسز کا سراغ لگاکر ان کی تفصیل بھی ڈرگ کورٹ میں پیش کی جائیگی ۔

جن کے خلاف ڈرگ ایکٹ ودیگرکے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی توقع کی جارہی ہے کہ مزید درجنوں کیسز کے لسٹ ڈرگ کورٹ میں 9اپریل کو اگلی سماعت پرپیش کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق جن ادویہ ساز کمپنیوں ،میڈیکل سٹورز ودیگر کی لسٹ ڈرگ کورٹ میں پیش کی گئی ہے انہیں جلد نوٹسز جاری کئے جانے کا بھی امکان ہے بلکہ ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں ڈریپ حکام کو بھی مراسلہ بھیجاجائے گا۔