|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی درالحکومت کوئٹہ شہر کے مصروف ترین شاہراہ پر واقع نصف درجن شادی ہالز شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ۔ٹریفک کی روانی متاثر، بیک وقت ہزاروں افراد کے پینے کا پانی ،گیس ،اور بجلی استعمال ہونے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا رات گئے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی سے شہریوں پر رات کی نیند بھی حرام کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر کی تنگ اورمصروف ترین شاہراہ کواری روڈ پر واقع نصف درجن سے زائد شادی ہال کے قریب سے گزرنا شہریوں کے لئے وبال جان بن گیا ہے ۔

خصوصاً رات کے اوقات میں شادی ہالز میں منعقدہ تقریبات میں شریک افراد مذکورہ ہالز میں پارکنگ کی وجہ مختص نہ ہونے کے باعث گھنٹوں اپنی گاڑیاں سڑک کے دونوں اطراف کھڑی رکھتے ہیں اور باقاعدگی سے ہالز کا عملہ ان سے غیر قانونی طور پر پارکنگ کا فیس بھی وصول کر تے ہیں اکثر اوقات بڑی بسیں بھی گھنٹوں سڑکوں پر کھڑی رہتی ہیں غیر قانونی پارکنگ سے جہاں شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرتے ہیں وہاں آئے روز حادثات کا رونما ہونا بھی معمول بن چکا ہے ۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلا تاخیر پارکنگ کی جگہ مختص نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے انہیں مصروف ترین شاہراہوں سے کئی اور منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں علاقہ مکینوں کے مطابق شہری علاقے میں قائم شادی ہالز سے نا صرف ٹریفک روانی متاثر ہے بلکہ ان ہالز میں بیک وقت ہزاروں افراد کی آمد سے ہال مالکان علاقہ مکینوں کے پینے کا پانی گیس اور بجلی بھی استعمال کر تے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہالز میں دیگوں کی تیاری کیلئے متعدد غیر قانونی گیس بجلی اور پانی کی کنکشن لگائے گئے ہیں جبکہ پابندی کے باوجو رات کے اوقات میں ہوائی فائرنگ آتش بازی بھی معمول بن چکی ہے جس سے امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث شہری خوف میں مبتلا رہتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ ضلعی انتظامیہ ومتعلقہ ادارے عوام کو درپیش مشکلات کے تدارک کو یقینی بناتے ہوئے سخت سے سخت اقدامات اٹھائے ۔