|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2019

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے فنڈز میں کروڑوں روپے خورد برد پر دو سرکاری افسران سمیت چار ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔ 

نیب ترجمان کے مطابق سابق ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ غلام سرور اور سابق ڈپٹی سیکرٹری قائم لاشاری، ٹھیکیدار عبد العلی سمیت چار ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے پر احتساب عدالت کوئٹہIمیں ریفرنس دائر کیاگیا۔

احتساب عدالت نے ملزمان کو نوٹسز جار ی کردیئے۔ ریفرنس میں ملزمان پر بلوچستان میں2012اور2015کے درمیان آنیوالے سیلاب کے متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے فنڈز میں تقریباً4کروڑ روپے خورد برد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

نیب ترجمان کے مطابق نیب بلوچستان نے شکایات کا کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای اور خزانہ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو یہ انکشاف ہو ا کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے 14 اضلاع کے لئے بحالی فنڈز میں سابق ایکسیئن پی ایچ ای غلام سرور اور سابق ڈپٹی سیکرٹری قائم لاشاری، ٹھیکیدار عبد العلی و دیگر نے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا غبن کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے ملزم ٹھیکیدار عبدالعلی کو وعدہ معاف گواہ بنالیا ہے۔