کوئٹہ: بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ اور ایوان ڈویلپمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین گوادر میں توانائی کے موثر استعمال کی ٹیکنالوجی پر مشتمل کثیرالمقاصد تجارتی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری،وزیراعلی کے مشیر اکبر آسکانی اور پارلیمانی سیکریٹری مبین خان خلجی بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ صوبائی سیکریٹری توانائی پسند خان بلیدی اور کمپنی کے سی ای او فیض قدوائی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت منصوبے میں بلوچستان کی کوئی بھی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، اراضی اور تعمیرات پر تمام تر اخراجات ایوان ڈویلپمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کرے گی، بغیر کسی سرمایہ کاری کے بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کو حاصل ہونے والے فوائد میں تجارتی عمارت کے بیس فیصد دفاتر اور اپارٹمنٹس کے حقوق کا حصول شامل ہے جبکہ حکومت بلوچستان کے ملازمین کو پانچ فیصد اپارٹمنٹس دس فیصد رعایتی نرخ پر ملیں گے اور بلوچستان انرجی کمپنی کو سی ایس آر کی مد میں منصوبے کے منافع کا دو فیصد حصہ ملے گا جو ترقیاتی منصوبوں اور ریسرچ کے کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ توانائی کے موثر استعمال کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے بلوچستان میں تجارتی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جبکہ اس طرز پر سرکاری دفاتر اور رہائشی عمارات کی تعمیر کے منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔
گوادر میں کثیر المقاصد عمارت کی تعمیر کا معاہدہ،وزیراعلیٰ بھی موجود تھے
وقتِ اشاعت : April 12 – 2019