کوئٹہ: چیرمین سینٹ صادق سنجرانی ،وفاقی وزیردفاعی پیدوار زبیدہ جلال، اراکین سینٹ قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلی ، سابق وزرا اعلیٰ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے ہزارگنجی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دہشت گردی کی عفریت سے پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان کیلئے ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کیا جائے تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے اپنے ایک بیان میں صوبائی حکومت کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہاکہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش کو ہر صورت ناکام بنانا ہوگا ۔واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ ہزارہ برداری پر ہونے والے دھماکے اور اس میں جانی نقصان پر دلی رنج و غم ہے دکھ کی اس گھڑی میں شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بھی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ،وزیراعظم کے معاون خصوصی صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان سردار یار محمد رند نے اپنے ایک بیا ن میں کہا کہ کوئٹہ میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے بزدلانہ کاروائی کی جس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے ۔
ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک اور تکلیف کی اس گھڑی میں زخمیوں اور انکے خاندانوں کے ساتھ ہیں،بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما و سینیٹر میر سرفراز بگٹی نے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدری کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ خود کش حملے میں بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
دہشت گرد بلوچستان میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں ہمارے شہدا نے اپنے خون سے دہشتگردی کو شکست دی ہے ۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ ایم این اے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کوئٹہ ہزار گنجی بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اقدام ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
صوبائی وزراء سردار صالح محمد بھوتانی اور خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے سبزی منڈی کوئٹہ میں دہشت گردی کے اس ناروا کارروائی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی،صوبائی مشیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی ،صوبائی مشیر وزیراعلیٰ برائے لائیوسٹاک مٹھا خان کاکڑ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے کو آر ڈینیٹر برائے پبلک افیئرز محمد بلال خان کاکڑ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں واقع کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
سابق وزراء اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری ، نواب محمد اسلم خان رئیسانی اور سابق نگران وزیر اعلی بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے ہزار گنجی میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں اوردہشت گرد عناصر بلوچستان میں افراتفری اور بد امنی پھیلا کر برادر اقوام کو آپس میں دست و گریباں کرنا چاہتے ہیں۔
انسانیت کے دشمن دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں کسی غریب اوردہشتگرد محنت کش لوگوں کا خون بہا کر کونسے مقاص حاصل کرنا چاہتے ہیں جو غریب دو وقت کی روٹی کمانے نکلاہوتا ہے وہ رات کو بچوں کیلئے خوشی کا باعث بنتا ہے ایسے افراد کا خون بہنا ظلم ہے۔سابق وزیر داخلہ نوابزادہ گزین خان مری نے ہزارگنجی میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگناہ اور غریب عوام کا خون بہانا قبیح عمل ہیں۔
ایسے بزدلانہ حملوں کااسلام اور بلوچستان کی قبائلی روایات میں گنجائش نہیں ہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں ہزار گنجی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت وقت جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے قتل و غارت گری کے واقعات جو کوئٹہ میں ہوتے رہے ہیں مگر حکومت نے امن کی بحالی کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے اربوں روپے امن و امان کی بحالی پر خرچ کئے جا رہے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے بیان میں کہا گیا ہے دالخراش واقعے میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔نیشنل پارٹی کے بیان میں ہزارگنجی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اورغم زدہ ہے نیشنل پارٹی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہے ۔
بیان میں کہا گیاکہ بلوچستان کے حالات کو دوبارہ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام اس سازش کو ناکام بنائے گی بیان میں زخمیوں کو مکمل اور بہتر علاج کرنے کا مطالبہ کیا گیا اورانکی ہرممکن مدد کوحکومت یقینی بنائے۔
عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی بیان میں ہزارگنجی میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد بے گناہ اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں پشتون وطن کئی عرصے سے دہشتگردی اور بد امنی کا شکار ہے عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کے خلاف بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہمارے کارکنوں نے پشتون وطن کی حفاظت کیلئے اپنے جان کے نذرانے پیش کئے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزارگنجی سبزی منڈی میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے میں 20گناہ مزدور کی شہادت اور 48سے زائد زخمی ہونے والے افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان برقرار رکھنے اور عوام کی جان ومال کی حفاظت میں برُی طرح ناکام ہوچکی ہے کوئٹہ ہزارگنجی دہشت گردی کے واقع میں بے گناہ غریب و مظلوم سبزی پھل فروشوں کی ہلاکتیں اہل بلوچستان کیلئے لحمہ فکریہ ہے واقع کی پرزورمذمت کرتے ہیں حکومت امن قائم نہیں کرسکتی تو انھیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں ہزارگنجی کے مقام پر غریب سبزی فروشوں پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو بد ترین وسفاکی کے بد ترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے شہری اور صوبے کے عوام دو دہائیوں سے دہشتگردی اور قتل عام کے ذریعے بد ترین دور سے گزرنے پر مجبور بنا دیئے گئے ہیں حکومت قانون،سیکورٹی ادارے عوام کی جان ومال کے تحفظ میں ناکامی سے دوچار ہوچکے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزار ڈیمو کریٹک پارٹی اس طرح واقعات کی بھر پورمذمت کرتے ہیں اور لواحقین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی کنوینر مولانا عبدالخالق مری نے ہزار گنجی دھماکہ پر دکھ کا اظہار کیا متاثرہ خاندانوں کے اظہار ہمدردی کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کے فورا گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی بیان میں ہزارگنجی دھماکے16 بے گناہ لاتعلق افراد کی شہادت30افرادکے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی وبزدلانہ کاروائیوں کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے جماعت اسلامی مظلوموں کیساتھ اور ہر قسم کے ظلم ودہشت گردی کے خلاف اورمظلوم خاندان کیساتھ ہے ۔
انسانیت دشمنوں کے خلاف سب کو متحد ہونا چاہیے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو بے نقاب اور انہیں قرارواقعی سزادی جائیں۔حکومت زخمیوں کوفوری وبہتر علاج کی سہولیات فراہم کریں،دریں اثناء جماعت اسلامی خواتین ضلع کوئٹہ کی ناظمہ روبینہ علی بلوچ نے بھی بم دھماکے کی مذمت اور غم زدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔
سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے ہزارکنجی کوئٹہ کی فروٹ منڈی میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ، حکومت شہداء کے قاتلوں کوکیفرکردارتک پہنچائے ، لواحقین کے نقصانات کی تلافی کرے ،دہشت گردوں کے بارے میں گڈاوربیڈکی اصطلاح سے اجتناب کرکے انہیں عبرتناک کیفرکردارتک پہنچایاجائے ، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی بیان میں واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرزشہداء اور زخمیوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
کوئٹہ دھماکہ امن کیخلاف سازش ہے ، ملکر مقابلہ کرنا ہوگا ، حکومتی سیاسی و سماجی رہنماؤں کی مذمت
![]()
وقتِ اشاعت : April 13 – 2019