کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان انسپکشن ٹیم کی عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس ومیڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے کوئٹہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران 20کلینکس سیل جبکہ تین ڈینل کلینکس کو بھی سیل کر دیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان انسپکشن ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر نسیم کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروں غیر قانونی لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹور ز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اسی سلسلے میں کوئٹہ کے نواحی علاقے ،نواں کلی ،عمران خلی اورکوٹوال سمیت دیگرعلاقوں میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20کلینکس سیل کر دیا گیا تین ڈینٹل کلینکس کو بھی سیل کر دیا گیا ۔
ان کلینکس میں محکمہ صحت کے دو کلرکس جو ڈاکٹر بنے ہوئے تھے بھی شامل تھے جن کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ جناح روڈ سول ہسپتال کے سامنے نومولود بچوں کیلئے قائم نرسریوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جس میں دو نرسریوں کو سیل کیا گیا جبکہ باقی نرسریوں میں بچے موجود ہونے کی وجہ سے وارننگ دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں غیر قانونی میڈیکل اسٹور عطائی ڈاکٹروں ،ڈینٹل کلینکس اور غیر قانونی ہسپتالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پشتون آباد،سریاب روڈ،ایئر پورٹ روڈ،سیٹلائٹ ٹاؤن میں سینکڑوں کلینکس اور میڈیکل اسٹور کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی کارروائی کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھی مدد حاصل ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کلینکس اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت ہدایت ہیں کہ کسی صورت میں بھی مریضوں کے زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس و میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائی ، 20کلینکس سیل
وقتِ اشاعت : April 13 – 2019