کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کوئٹہ میں منی ایکسچینج کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مار کر منی لانڈرنگ ، حوالہ و ہنڈی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ساڑھے پانچ کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم اور چیکس برآمد کئے ہیں۔
ملزمان مصنوعی بحران پیدا کرکے مہنگے داموں ڈالر فروخت کررہے تھے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے الطاف حسین نے کوئٹہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر شفیق الرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ارسلان اور دیگر کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایف آئی اے بینکنگ سرکل نے کوئٹہ کے قندھاری بازار پر بخاری سینٹرمیں واقع کارروان ایکسچینج کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا جہاں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ نوے لاکھ روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی جس میں 58 ہزار امریکی ڈالر، 34 ہزار سعودی ریال، 41 ہزار یو اے ای درہم کے علاوہ افغانی، ایرانی ، بھارتی ، اورآسٹریلوی سمیت مختلف ممالک کی کرنسی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان ڈالر خرید کر اسے مارکیٹ میں لانے کی بجائے چھپاتے تھے تاکہ مصنوعی بحران پیدا کیا جاسکے اور اس کے بعد مہنگے دامو ں ڈالر فروخت کررہے تھے اس سے ڈالر کی قیمت بھی اوپن مارکیٹ میں بڑ ھ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ شواہد ملے ہیں کہ یہ رقم منی لانڈرنگ اور حوالہ و ہنڈی کے کاروبار میں استعمال ہورہی تھی۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان حبیب اللہ اور حاجی شاہ ولی کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کمپنی کے اٹھارہ دفاتر تھے جن میں سے چھ بند ہوچکے ہیں۔ بی کیٹگری لائسنس کے حامل بارہ دفاتر کو مجموعی طور پر ساٹھ لاکھ روپے کی نقد رقم رکھنے کی اجازت تھی مگر ملزمان کے صرف ایک ہی دفتر سے یہ ساری رقم اور چیکس برآمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فنانشل ٹاسک فورس کے پیش نظر منی لانڈرنگ اور حوالہ و ہنڈی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور صرف رواں سال تین ماہ کے دوران ایف آئی اے بلوچستان نے 17 کارروائیاں کی ہیں جس میں کروڑوں روپے کی رقم برآمد کرکے درجنوں ملزمان کو گرفتار کیاگیاہے۔ یہ ملک کے باقی تمام حصوں سے زیادہ کارروائیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم کسی سیاستدان یا کرپشن کی نہیں اور نہ ہی ہمیں اس طرح کی رقم دہشتگردی میں استعمال ہونے کے کوئی شواہد ملے ہیں۔ یہ رقم تاجروں کی ہے جو ٹیکس بچانے کیلئے اس طرح کے حربے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے نئی بھرتیاں کی جارہی ہیں لوگوں کو شکایات ہے تو وہ ایف آئی اے سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق بھی ایف آئی اے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر مؤثر کارروائیاں کررہی ہے اور اس کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ میں کمی آئی ہے۔پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے سے انسانی اسمگلنگ میں مزید کمی آئے گی۔
کوئٹہ ، منی ایکسچینج کے دفتر سے ساڑھے پانچ کروڑ روپے برآمد ، دو ملزمان گرفتار ، برآمد رقم میں ڈالر بھی شامل ہیں
وقتِ اشاعت : April 18 – 2019